سی آئی ڈی کی کارکردگی بہتر بنانے گورنر سے نمائندگی

   

حیدرآباد۔ فورم فار گڈ گورننس نے گورنر ٹی سوندرا راجن سے درخواست کی کہ تلنگانہ میں سی آئی ڈی کارکردگی بہتر بنانے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دیں۔ فورم سکریٹری ایم پدمنابھ ریڈی نے گورنر کو یادداشت پیش کی جس میں سی آئی ڈی کی کارکردگی میں اصلاحات پر زور دیا کیونکہ یہ ادارہ اہم مقدمات کی جانچ کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے قیام سے قبل سی آئی ڈی کے پاس 242 کیس تھے جو 450 ہوچکے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل رتبہ کے عہدیدار کی قیادت میں سی آئی ڈی کے تحت 3 انسپکٹرس جنرل کے بشمول 820 ملازمین ہیں۔ سی آئی ڈی کے پاس 450 کیسس میں سے 100 کیسس گذشتہ 10 برسوں سے زیر التواء ہیں۔ ایک کیس گذشتہ 26 سال سے زیر تحقیقات ہے۔ یادداشت میں کہا گیا کہ سی آئی ڈی عہدیدار 18 برس قبل عدالتوں کی جانب سے دیئے گئے حکم التواء کو ختم کرانے میں ناکام رہے۔