دنتے واڑہ: چھتیس گڑھ میں نکسل کیسوں کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے بیجاپور ضلع کے باسا گوڑہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کیمپ میں پیش آئے ایک واقعہ میں ایک فوجی کو چار بار عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔خصوصی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج شانتنو کمار دیشالرے نے تمام فریقین کو سننے کے بعد جمعرات کو یہ فیصلہ سنایا۔جج نے چاروں سزائیں ایک ساتھ سنانے کا حکم دیا۔ سزا یافتہ فوجی سنت کمار نے اپنے ہی چار فوجی ساتھیوں کو قتل کر دیا تھا۔ قصوروار اور شہید فوجیوں کا تعلق سی آر پی ایف کی 168ویں بٹالین سے ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 9دسمبر 2017کی شام تقریباً 5 بجے بیجاپور ضلع کے باسا گوڈا کیمپ میں سی آر پی ایف کے چار فوجی اُس وقت مارے گئے جب ان کے ایک ساتھی نے ان پر گولی چلا دی۔