متحدہ عرب امارات کی کمپنی سے دفاعی معاہدہ، مختلف دفاعی ضرورتوں کی تکمیل کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کو عنقریب حیدرآباد میں تیار کی جانے والی 200 سی ایس آر 338 اسنیپر رائفلز سے لیس کردیا جائے گا۔ حیدرآباد میں عصری رائفلز کی تیاری کیلئے ICOMM ٹیلی لمٹیڈ اور میگھا انجنیئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمٹیڈ کے درمیان رائفلز کی تیاری کے سلسلہ میں پارٹنرشپ معاہدہ طئے پایا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی CARACAL کمپنی بھی اس معاہدہ میں شامل ہیں جو EDGE گروپ کا حصہ ہے۔ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دفاعی معاہدہ کے تحت اسنیپر رائفلز حیدرآباد میں دونوں خانگی اداروں کی نگرانی میں تیار کئے جائیں گے جو چھوٹے ہتھیاروں کی تیاری کا مرکز ہے۔ جاریہ سال اپریل میں اس مرکز کا آغاز ہوا ۔ ہندوستان کی مسلح افواج کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو چھوٹے ہتھیاروں کی تیاری میں یہ ادارہ اہم رول ادا کرے گا۔ جاریہ سال کے چوتھے سہ ماہی تک ہندوستان میں تیار کردہ سی ایس آر 338 رائفلز کی پہلی کھیپ سی آر پی ایف کو حوالے کردی جائے گی۔ متحدہ عرب امارات کی کمپنی کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر حماد العامری نے بتایا کہ اس معاہدہ سے ہندوستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں چھوٹے ہتھیاروں کی تیاری کا کام انجام دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی سیکوریٹی ضرورتوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ڈیفنس انڈسٹری کے فروغ میں یہ معاہدہ معاون ثابت ہوگا۔ ہندوستانی کمپنی ICOMM کے ڈائرکٹر پی سومناتھ نے کہا کہ کمپنی دفاعی آلات کی تیاری کا طویل تجربہ رکھتی ہے۔ CRPF کو نہ صرف عصری اسنیپر رائفلز سربراہ کئے جائیں گے بلکہ عالمی طرز کی عصری ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے گا ۔ CSR-338 اسنیپر رائفلز میں 27 انچ کا بیرل اور 10 راؤنڈ میگزین کی گنجائش رہے گی اور یہ نیم فوجی دستوں کے استعمال کے لئے مکمل محفوظ رہے گا۔ ہندوستان کے اداروں نے دفاعی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے بیرونی اداروں سے معاہدات کئے ہیں جس کے تحت الیکٹرانک وار فیر ، راڈارس ، ڈرونس اور دیگر دفاعی سسٹم تیار کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں 110 ایکر اراضی پر دفاعی آلات کی تیاری کا ادارہ قائم ہے ۔1