سرینگر 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گزشتہ روز دہشت گرد حملے میں شہید سی آر پی ایف کے سپاہیوں کو آج یہاں وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں پراثر خراج عقیدت ادا کیا گیا۔ اس موقع پر ساری فضاء مغموم نظر آرہی تھی۔ مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ، جمعہ کی دوپہر سی آر پی ایف، ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کے عہدیداروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی ٹیم کے ساتھ یہاں آمد کے فوری بعد متصلہ سی آر پی ایف کیمپ پہونچے اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت کے طور پر تابوتوں پر گلدستہ رکھے گئے۔ بعدازاں جیسے ہی ماتمی بگل بجایا گیا، ان شہیدوں کی یاد میں اسلحہ کو سرنگوں کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک جوان کے تابوت کو کندھا دیا۔ ان تابوتوں کو اس کے آبائی مقام کو منتقلی کے لئے طیارہ میں رکھا گیا۔