سی ایم آر ایف اسکیم سے 14 ماہ میں 905 کروڑ روپئے کی اجرائی

   

درخواستوں کے جائزہ سے چیکس کی اجرائی تک شفاف طریقہ پر عمل آوری
حیدرآباد ۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ کی عمل آوری میں حکومت نے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ کانگریس حکومت نے اپنی تشکیل کے 14 ماہ کے دوران 905 کروڑ روپئے کے فنڈز جاری کئے ہیں۔ سی ایم آر ایف کے تحت 7 ڈسمبر 2023ء سے 23 فبروری 2025ء تک تقریباً 2,09,500 بے سہارا، غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کو مختلف اقسام کی مالی امداد فراہم کی۔ اس اسکیم کے تحت ایسے لوگوں کو مدد فراہم کی جاتی ہے جو ہاسپٹل میں علاج کرانے کے بعد درخواستیں داخل کرتے ہیں۔ متعلقہ بل منسلک کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کی سفارش پر حکومت اس اسکیم کو دو طریقوں سے نافذ کررہی ہے۔ اگر آپ ہاسپٹل میں علاج سے قبل مالی امداد کیلئے درخواست دیتے ہیں تو (LOC) لیٹر آف کریڈٹ کی شکل میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔ اب تک ہاسپٹل کے بلز کے ذریعہ درخواست دینے والے تقریباً 1.93 لاکھ لوگوں کو 600 کروڑ روپئے کی امداد فراہم کی گئی اور LOC کے تحت 16,502 افراد کو 300 کروڑ روپئے کی امداد فراہم کی گئی ہے۔ ایل او سی میں نمس کو 286 کروڑ، مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کو 3.60 کروڑ، ای این ٹی ہاسپٹل کو 3.57 کروڑ روپئے ادا کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف مسائل سے دوچار اور کہنہ مرض میں مبتلاء مریضوں کو حکومت خصوصی تعاون کررہی ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت نے 5 سال کے دوران ان اسکیمات کے ذریعہ 2400 کروڑ روپئے جاری کیا تھا۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سی ایم آر ایف پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ 2
بی آر ایس کے دورحکومت میں ہوئی بے قاعدگیوں کو دور کرتے ہوئے آن لائن سسٹم کو متعارف کرایا جس کے نتیجہ میں ہر درخواست کا شفاف طریقے سے جائزہ لینے کے بعد چیکس منظور کئے جارہے ہیں۔2