ضلع کلکٹر و ایس پی کی شرکت، طلبہ سے ضلع کا نام روشن کرنے کی اپیل
نارائن پیٹ 20/اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع مستقر کے سنگارم اسکوائر پر واقع ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفس سے سی ایم کپ اسپورٹس مقابلوں کیلئے ٹارچ لائٹ ریالی نکالی گئی جس میں مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے علاوہ طلبا ونوجوانوںنے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر ضلع کلکٹر سکتا پٹنائیک ، ضلع ایس پی مسٹر یوگیش گوتم نے ہری جھنڈی دکھا کر ٹارچ لائٹ ریالی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ دیہی کھلاڑیوں کی اسپورٹس مین شپ کو سامنے لانا اور انہیں عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لئے ، سی ایم کپ اسپورٹس کے سلسلہ کا ریاستی حکومت نے آغاز کیا ہے ۔ ضلع کے مرکز میں واقع ستیہ نارائنا چوک پر ریالی کا اختتام عمل میں آیا ، ضلع کلکٹرنے امید ظاہر کی کہ نارائن پیٹ ضلع کے کھلاڑی اگلے ماہ شروع ہونے والے سی ایم کپ اسپورٹس مقابلے میں حصہ لیں گے اور ریاستی سطح پر ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے پہلے ہفتہ میں گاؤں، منڈل اور ضلع کی سطح پر سی ایم کپ کے کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور ریاستی سطح کے کھیل حیدرآباد میں ضلع سطح کے فاتحین کے ساتھ منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم کپ ریلی کے سلسلے میں ایک ریالی اس ماہ کی 21 تاریخ کو حیدرآباد میں ہوگی۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والے ایس پی یوگیش گوتم نے کہا کہ گیم کھیلنے سے طلبہ کو جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی نشوونما اور کھیل کا جذبہ بھی حاصل ہوتا ہے۔اس ریلی میں محکمہ تعلیم کے افسر عبدالغنی، مارکٹ کمیٹی کے چیرمین سداشیوا ریڈی، سابق چیرمین صراف ناگراجو، ضلع یوتھ سرویس ڈپارٹمنٹ کے عملہ سائی کمار، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس، گروکلا اسکول کی طالبات، طلباء اور کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔