18 جولائی تک مستقل سی ای او کے تقرر کی ہدایت۔ سابقہ احکام پر عمل نہ کرنے پر ہائیکورٹ کا اظہار برہمی
حیدرآباد 20 جون ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف اکزیکیٹیو آفیسر محمد اسداللہ کو سی ای او برقرار رکھنے کی حکومت کی درخواست کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے مسترد کردیا اور آئندہ سماعت سے قبل مستقل سی ای او کے تقرر کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور 18 جولائی کو دوبارہ سماعت مقرر کی ہے ۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف اکزیکیٹیو آفیسر محمد اسداللہ کے تقرر کے خلاف درخواست کی تلنگانہ ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد انہیں ہٹانے کی ہدایت دی تھی لیکن سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود نے حکومت کے فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے محمد اسداللہ کے تقرر کو جائز قرار دیا اور انہیں برقرار رکھنے کے فیصلے سے عدالت کو واقف کروایا تھا جسے آج عدالت نے مسترد کردیا۔ حکومت نے LPA-1/2025 میں داخل کردہ موقف میں عدالت کو مطلع کیا تھا کہ حکومت محمد اسداللہ کو اس عہدہ پر برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے فروری میں جو احکام جاری کئے تھے ان پر عدم عمل آوری پر برہمی کا اظہار کرکے کہا کہ اس پر عمل نہ کرنے کی وجہ کیا ہے!تلنگانہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ جو کہ جسٹس ابھینندن کمار شاویلی اور جسٹس جے ای تروملا دیوی پر مشتمل ہے نے حکومت کو 4 ہفتوں کا وقت دیا اور ہدایت دی کہ وہ 18جولائی کو سماعت کے دوران عدالتی احکام پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات پیش کرے ۔ حکومت کے وکلاء نے عدالت میں وقف مرممہ قوانین کے نفاذ اور اس پر سپریم کورٹ میں جاری بحث کا حوالہ دے کر یہ باور کرنے کی کوشش کی کہ سپریم کورٹ میں جاری مقدمہ کے دوران کس طرح سے چیف اکزیکیٹیو آفیسر کو ہٹایا جاسکتا ہے جس پر عدالت نے استدلال کو مسترد کردیا اور کہا کہ حکومت فوری وقف ایکٹ 1995 کی دفعہ 23 کے تحت مستقل چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے تقرر کو یقینی بناکر عدالت میں رپورٹ پیش کرے۔ حکومت کے وکیل نے وقف مرممہ قوانین کا عدالت میں حوالہ دے کر یہ بتانے کی کوشش کی کہ نئے قوانین کے مطابق چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر جوائنٹ سیکریٹری کا تقرر کیا جانا چاہئے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کے احکام کا انتظار کیا جا رہاہے لیکن عدالت نے اپنے موقف میں کوئی نرمی نہیں لائی بلکہ فوری کارروائی کی حکومت کو ہدایت دی گئی ہے۔3
بنڈی سنجے اور ان کے ساتھیوں کے فون ٹیاپ کرنے کا انکشاف
حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار اور ان کے ساتھیوں کے ٹیلیفون ٹیاپ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ بی آر ایس دور میں ٹیلیفون ٹیاپنگ معاملہ کی جانچ کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا کہ سنجے اور ان کے قریبی افراد اور ملازمین کے ٹیلیفونس بھی ٹیاپ کئے گئے تھے۔ کریم نگر بی جے پی کے کنوینر بی پراوین راؤ کا ٹیلیفون بھی ٹیاپ کیا گیا ۔ ٹیم نے 650 سے زائد شخصیتوں کے ناموں کی فہرست تیار کی ہے جنکے ٹیلیفونس ٹیاپ کئے گئے تھے۔ سابق پولیس عہدیداروں سے پوچھ تاچھ کے دوران کئی اہم انکشافات ہوئے ہیں۔1