جناب تفسیر اقبال، اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، پروفیسر ایس اے شکور کی مبارکباد
حیدرآباد 4 اپریل (راست) ریاست میں گروپ 1 سرویسس کی اپنی ایک منفرد اہمیت ہے جس سے کسی بھی طالب علم اور باشعور شخص کو انکار نہیں۔ اس امتحان میں کامیابی کا حصول ہر اُس طالب علم کا خواب ہوتا ہے جو اس باوقار امتحان میں شرکت کرتا ہے۔ شگفتہ عفت بھی ایک ایسی ہی خوش نصیب طالبہ ہے جس نے CEDM ، مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات، عثمانیہ یونیورسٹی، محکمہ اقلیتی بہبود، حکومت تلنگانہ کے تحت مفت گروپ 1 کوچنگ سے استفادہ کرتے ہوئے اس باوقار امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ اُنھوں نے Group-1 Services MainExam-2024 ریاستی سطح پر 304 واں رینک حاصل کیا۔ اس امتحان میں انھوں نے سوشیالوجی کو بطور اختیاری مضمون منتخب کیا تھا۔ شگفتہ عفت نے اپنی جستجو اور شبانہ روز محنت کے ذریعہ اس عظیم کامیابی کے حصول میں سبقت لے گئیں اور آنے والے طالب علموں کیلئے روشن مثال قائم کی۔ یہ جناب محمد منورالدین کی دختر اور بوئن پلی سکندرآباد کی ساکن ہیں۔ اس موقع پر اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، حکومت تلنگانہ جناب تفسیر اقبال نے شگفتہ عفت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی اور روزگار کے حصول کیلئے مختلف اسکیموں کو روشناس کیا ہے۔ اس ضمن میں حکومت تلنگانہ اقلیتی طلباء کو اسکالرشپس کے علاوہ بھی مختلف کورسیس کے لئے مفت کوچنگ کا ہر سال اہتمام کرتی ہے۔ جس میں طلباء کی کثیر تعداد شرکت کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو روشن کررہی ہے۔ مستقبل میں اُمید ہے کہ اس کوچنگ کے ذریعہ حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ اقلیتی طلباء سیول سرویسس امتحان میں خصوصی دلچسپی لے کر محنت کریں اور روزگار کے جو مواقع میسر ہیں ان میں اپنے انتخاب کو یقینی بنائیں۔ شگفتہ عفت کی کامیابی پر پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ کامیابی کا حصول یقینا طالب علم کی اپنی ذاتی جدوجہد اور جنون کا نتیجہ ہوتا ہے، وہ اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھتا جب تک کہ کامیابی اس کے قدم نہیں چوم لیتی۔ یہی وہ مقام ہے جہاں طالب علم کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ ڈی ایس سی ٹی آر ٹی میں CEDM سے مفت کوچنگ حاصل کرنے والے طلباء کی کثیر تعداد نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین رینک حاصل کیا اور اساتذہ کی ملازمت کیلئے منتخب ہوئے۔ CEDM کی جانب سے مختلف کوچنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں قابل ذکر LAWCET ، ICET ، PGNEET ، EdCET ، NEET ، EAPCET ، DECET ، ECET ، POLYCET کے علاوہ دسویں جماعت کی کوچنگ بھی شامل ہے۔ اس موقع پر جناب پروین ریڈی ڈائرکٹر تلنگانہ مائناریٹی اسٹڈی سرکل بھی موجود تھے۔