سی اے امتحان:نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کورونا وبا کی ہولناکیوں کے پیش نظر انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس (آئی سی اے آئی) کو اپنے 29 جولائی سے 16 اگست تک منعقد ہونے والے چارٹرڈ اکاؤنٹنسی امتحانات کے لئے ‘آپٹ آؤٹ’ اسکیم کو مزید لچکدار بنانے اور اس سلسلے میں نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دی۔ جسٹس اے ایم خان ویلکر، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے معاملے کی اگلی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی۔ جسٹس خان ولکر نے کہا کہ چونکہ وبائی صورتحال ٹھہراؤ میں نہیں ہے بلکہ ہر لمحے تبدیل ہورہی ہے اس لیے آپٹ آؤٹ اسکیم کو مزید لچکدار بنایا جائے اور اس کا آپشن کھلا رکھا جائے ۔درخواست گزار ‘انڈیا وائڈ پیرینٹس ایسوسی ایشن’ کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل آلوک سریواستو نے دلیل دی کہ بہت سے ایسے طلبہ ہیں جو کنٹونمنٹ زون میں ہیں اور ایسے امیدوار بھی ہیں جن کی ریاستی حکومتوں نے لاک ڈاؤن میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس ضمن میں مغربی بنگال کی مثال بھی پیش کی۔سینئر ایڈوکیٹ رام جی سرینواسن نے آئی سی اے آئی کی طرف سے پیش ہوکر کہا کہ ملک بھر میں 500 امتحان مراکز قائم کردیئے گئے ہیں جن کی مکمل صفائی ہوگئی ہے اور امیدواروں کے لئے صفائی کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔ اب امتحانی مرکز تبدیل کرنا مشکل ہوگا۔ اس پر عدالت نے متعدد منطقی سوالات اٹھائے ، اور نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دی تاکہ آپٹ آؤٹ پلان کو لچکدار بنایا جاسکے اور معاملے کی سماعت کے لئے 2 جولائی کی تاریخ مقرر کی۔ درخواست گزار نے آئی سی اے آئی کے ذریعہ 29 جولائی سے 16 اگست تک ہونے والے سی اے امتحانات کے آپٹ آؤٹ آپشن کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
کورونا سے فوت ڈاکٹر اسیم گپتا کو ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم
نئی دہلی:دہلی حکومت کورونا وائرس سے جان گنوانے والے لوک نایک جے پرکاش نارائن اسپتال (ایل این جے پی) کے سینئر ڈاکٹر اسیم گپتا کو ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم دے گی۔وزیراعلی اروند کیجریوال نے پیرکو اس کا اعلان کیا۔ڈاکٹر گپتا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے فرض کی ادائیگی کے تئیں ان کے جذبہ کو سلام کیا۔انہوں نے کہاکہ اسیم گپتال ایل این جے پی میں بہت ہی سینئر ڈاکٹر تھے ۔ وہ کورونا کے مریضوں کا علاج کررہے تھے اور انکی ڈیوٹی آئی سی یو میں تھی۔ ان کے ساتھی بتاتے ہیں کہ وہ اپنا کام نہایت لگن سے کرتے تھے اور ہمیشہ مریضوں کی خدمت میں مصروف رہتے تھے ۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ تین جون کو ڈاکٹر گپتا خودکورونا سے متاثر ہوگئے اور انہیں اسپتال میں داخل کیا گیااور آخر کار وہ کورونا سے لڑتے ہوئے ہم سب کو چھوڑکر چلے گئے ۔ان کی بیوی کو بھی کورونا ہوا تھا لیکن وہ اب پوری طرح سے ٹھیک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کی وجہ سے ہی ہم سب کورونا سے لڑپارہے ہیں۔ ڈاکٹر گپتا ہم سب کے لئے ایک مثال ہیں اور ہم سب دہلی والے ان کی خدمت کو سلام کرتے ہیں۔ دہلی حکومت ان کے اعزاز میں ان کے کنبہ کو ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم دے گی۔یہ ایک چھوٹی سی رقم ہے جو ملک اور دہلی کے لوگوں کی طرف سے ان کے کنبہ کو دی جائے گی۔ ڈاکٹر گپتااتوار کو ساکیت کے میکس اسپتال میں کورونا سے جنگ ہار گئے اور ان کی موت ہوگئی۔