سی اے اے، این آر سی، این پی آر کے خلاف احتجاجی مہم

   

مجلس انقلاب ملت کے دفتر پر آج سے زنجیری بھوک ہڑتال
حیدرآباد۔19فبروری(سیاست نیوز) شہریت ترمیمی قانون( سی اے اے)‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف کل ہند مجلس انقلاب ملت ( اے آئی ایم آئی ایم) کی ایک روزہ زنجیری بھوک ہڑتال جمعرات کو 10 بجے دن سے انقلاب ملت کے مرکزی دفتر واقع مغل پورہ میں منعقد ہوگی۔ پارٹی کے کارگذار صدر مولانا حامد حسین شطاری نے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس زنجیری بھوک ہڑتال میںشامل ہوکر مرکزی حکومت کے مذکورہ سیاہ قوانین کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں۔ انہو ںنے مزید کہاکہ دیگر سماجی اور فلاحی تنظیموں کے سربراہان و ذمہ داران بھی مجوزہ زنجیری بھوک ہڑتال میںشرکت کریں گے۔ انہو ںنے احتجاج کے انعقاد کے لئے پولیس کی جانب سے اجازت دینے میں تساہل کو قابل افسوس قراردیا اورکہاکہ ملک بھر میںجہاں پر غیر بی جے پی حکومتیں اقتدار میںہیں سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف احتجاج کی لوگوں کو اجازت دی جارہی ہے مگر تلنگانہ میںپولیس کا رویہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ سے اجازت کے بعد زنجیری بھوک ہڑتال کی اے آئی ایم آئی ایم ( انقلاب ملت) کو اجازت دی گئی ہے۔ مولانا حامد حسین شطاری نے ان غیر مسلم برادران وطن کا بھی اس موقع پر شکریہ ادا کیاجو اس احتجاج میںمسلمانوں کے شانہ بہ شانہ شامل ہیں۔