سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر سے دستبرداری پر زور

,

   

وزیراعظم نریندر مودی سے ممتابنرجی کی کولکتہ کے راج بھون میں ملاقات
سی اے اے اعلامیہ صرف کاغذ پر ہوگا ، ریاست میں عمل نہیں : چیف منسٹر مغربی بنگال

کولکتہ ۔ /11 جنور ی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ شہریت ترمیمی قانون کے مسئلہ پر دوبارہ غور کریں اور انہوں نے سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر سے دستبرداری کامطالبہ کیا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے ممتابنرجی سے کہا کہ وہ دہلی آئیں اور اس مسئلہ پر بات چیت کریں ۔ راج بھون میں وزیراعظم مودی سے ملاقات کے بعد ممتابنرجی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملاقات کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ ممتا بنرجی نے وزیراعظم سے ملاقات کو خیرسگالی ملاقات قرار دیا اور بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم سے ریاست کے مالی امداد سے متعلق بقایا جات پر بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز سے ریاست کو 28 ہزار کروڑ روپئے وصول طلب ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم کو یہ بھی بتایا کہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے ۔ مرکزی حکومت کو اس پر دوبارہ غور کرتے ہوئے سی اے اے سے دستبرداری اختیار کرنی چاہیے ۔ وزیراعظم سے ملاقات کے فوری بعد ممتابنرجی نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ترنمول کانگریس طلباء ونگ کے احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا ۔ ممتابنرجی ، احتجاج میں مرکز توجہ تھیں جہاں طلباء رانی رشمونی روڈ پر شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف نعرے لگارہے تھے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ سی اے اے نوٹیفیکیشن صرف کاغذپر ہوگا اوران کی حکومت ریاست میں اس پر عمل آوری نہیں کرے گی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی سے راج بھون میں ملاقات کی ، یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب مغربی بنگال میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیراعظم مودی دو روزہ دورہ پر آج کولکتہ پہنچے اور ممتابنرجی سے ان کی ملاقات مختصر رہی ۔ ایک طرف ترنمول کانگریس شہریت ترمیمی قانون کی شدید مخالفت کررہی ہے تو دوسری طرف بی جے پی اس پر اس قانون پر عمل آوری کیلئے بضد ہے ۔ وزیراعظم مودی دو روزہ دورہ مغربی بنگال کے موقع پر کولکتہ پورٹ ٹرسٹ کے قیام کی 150 ویں سالانہ تقریب میں حصہ لیں گے ۔ مودی نے مغربی بنگال کے دورہ پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کواس بات پر خوشی ہے کہ وہ رام کرشنا مشن میں اپنا وقت گزار رہے ہیں جبکہ سوامی وویکانند کی جینتی تقریب میں بھی حصہ لیں گے ۔ وزیراعظم چار تاریخی عمارتوں کو بھی قوم کے نام معنون کریں گے جن کی تزئین نو کی گئی ہے ۔ مودی نے ہوڑا برج (رابندرسیتو) پر ’’لائٹ اینڈ ساونڈ‘‘ شو کا افتتاح کیا۔