سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کیخلاف سی پی ایم کی گھر گھر مہم

,

   

عوام کو کالے قوانین کی سنگینیوں سے واقف کروانے کی کوشش ، شہریت قانون غیردستوری اور دستور دشمن

ترواننتاپورم ۔ /19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ شہریت قانون کے خلاف اپنے احتجاج میں شدت لاتے ہوئے سی پی آئی ایم نے کہا کہ وہ شہریت قانون این پی آر اور این آر سی کے درمیان پائی جانے والی مماثلت سے عوام کو واقف کروانے کیلئے ملک گیر سطح پر گھر گھر مہم چلائی جائے گی ۔ پارٹی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ ملک بھر میں اس مہم کو شدت کے ساتھ چلایا جائے گا ۔ یہاں پر منعقدہ پارٹی کی تین روزہ سنٹرل کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی اے اے سے متعلق پیدا ہونے والی صورتحال اور عوام کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات کا حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی ۔ ان سیاہ قوانین کے خلاف عوام کی جاری تحریک کامیاب ہورہی ہے ۔ طلباء ، نوجوانوں ، خواتین کے علاوہ عام شہریوں کی جانب سے تحریک میں بڑے پیمانے پر حصہ لیا جارہا ہے ۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ عوام نے محسوس کرلیا ہے کہ سی اے اے بہت بڑا خطرناک قانون ہے اور یہ ہمارے دستور پر ضرب ہے ۔ ملک کے کئی مقامات پر گزشتہ دو ماہ سے سی اے اے کے خلاف احتجاج ہورہا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ قانون نہ صرف غیردستوری ہے بلکہ دستور کا دشمن بھی ہے ۔ انہوں نے پولیس تشدد کی مذمت کی ۔ بے قصور عوام کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں املاک کے نقصانات کیلئے ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے ۔ این پی آر ، این آر سی سے ملک کے لاکھوں غریب عوام ، قبائیل ، دلتیں ، بے گھر افراد اور معذورین متاثر ہوجائیں گے ۔