سی اے اے ‘ این آر سی و این پی آر کے خلاف احتجاج

   

حیدرآباد ۔ /6 مارچ (سیاست نیوز) شہریت ترمیمی قانون ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف شہر میں ہنوز احتجاج و مظاہرے جاری ہے ۔ بعد نماز جمعہ بارکس اور مسجد عزیزیہ کے پاس عوام نے احتجاج کیا ۔ بارکس گراؤنڈ میں بعد نماز جمعہ عوام کے ایک بڑے گروپ نے این آر سی ، این پی آر اور سی اے اے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔ اس احتجاج میں کم عمر بچے بھی شامل تھے ۔ احتجاجی اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بیانرس تھامے ہوئے تھے اور حکومت کی جانب سے متعارف کئے گئے سیاہ قانون کے خلاف نعرے
بازی کی اور اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ سی اے اے اور این آر سی اقلیتوں کے خلاف ہے اور تعصب کے ذریعہ سیاہ قانون کو عمل کروانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بعد نماز جمعہ کے موقع پر مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر کے پاس احتجاج کیا گیا ۔ این آر سی ، این پی آر اور سی اے اے کی مخالفت کرتے ہوئے عوام سڑک پر بیٹھ گئی اور اس سیاہ قانون کے خلاف نعرے بازی کی ۔ عوام نے یہ مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کیلئے سیاہ قوانین ہندوستان میں متعارف کئے جارہے ہیں ۔ اس اچانک احتجاج کے نتیجہ میں ہمایوں نگر پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ۔ احتجاجی ایک گھنٹے کے پرامن احتجاج کے بعد وہاں سے چلے گئے ۔