سی اے اے سے ایک بھی ہندوستانی مسلمان متاثر نہیں ہوگا

,

   

اپوزیشن جماعتوں پر مسلم برادری میں نفسیاتی خوف پیدا کرنے کا الزام : کشن ریڈی

حیدرآباد۔ 5 جنوری (پی ٹی آئی) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ شہریت ترمیمی قانون سے ملک کا کوئی بھی مسلم متاثر نہیں ہوگا اور بشمول کانگریس اپوزیشن پارٹیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ مسلم برادری میں ڈر خوف پیدا کررہے ہیں۔ کشن ریڈی نے سی اے اے 2019 پر خصوصی شعور بیداری مہم ’گروہا سمپرک ابھیان‘ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون ملک کے کسی بھی طبقہ کے مفادات کے خلاف نہیں ہے۔ سی اے اے سے ملک کا کوئی بھی مسلمان ہرگز متاثر نہیں ہوگا۔ نریندر مودی حکومت نے سب کی بھلائی کیلئے یہ قانون لایا ہے، کسی بھی ہندوستانی مسلمان سے یہ نہیں کہا جائے گا کہ وہ ملک چھوڑ دیں اور مسلمانوں کو اس مسئلہ پر خوف محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کانگریس اور مجلس سے یہ جاننا چاہا کہ آیا کیوں اور کس بنیاد پر وہ احتجاجی مظاہرے منظم کررہے ہیں اور عوام کو اشتعال دلایا جارہا ہے۔ یہ جماعتیں اس قانون کے بارے میں مسلمانوں میں نفسیاتی خوف پیدا کررہی ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ سی اے اے نے افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان میں ظلم و ستم کی شکار اقلیتوں جیسے ہندو، پارسی، بدھ، سکھ، عیسائی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہندوستانی شہریت کی پیشکش کی ہے، کیونکہ ان مذاہب کے ماننے والے مذکورہ ممالک میں انتہائی تکلیف دہ حالات میں زندگی بسر کررہے ہیں اور سی اے اے ان کی مدد کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 40 سال قبل ہندو، پارسی، بدھ، سکھ، عیسائی افراد کی کثیر تعداد پاکستان اور بنگلہ دیش سے ہندوستان پہونچی تھی جنہیں کوئی حقوق حاصل نہیں تھے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی ان پناہ گزینوں کے مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ کشن ریڈی کے ساتھ اس پروگرام میں تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن اور دوسرے بھی موجود تھے۔