شہریت ترمیمی قانون ہندوستان کیلئے مہلک وباء کورونا سے زیادہ خطرناک، مجلس مشاورت کا رد عمل
نئی دہلی : شہری ترمیمی قانون سی اے اے کو اگر نافذ کیا گیا تو عوام پھر سے سڑکوں پر اتریں گے ۔ یہ قانون ہندوستان کے لئے مہلک وباء کورونا سے خطرناک ہے۔ مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے کہا کہ گزشتہ روز بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے مغربی بنگال میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کو نافذ کرنے کی بات کہی تھی ۔ ان کے اس بیان پر اپوزیشن پارٹیوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مسلم مشاورت کے صدر نے بھی کہا کہ سی اے اے کو نافذ کرنے پر کئی سنگین نتائج برآمد ہوں گے، جن کی آزادی میں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کی تھیں اور بے خوف ہوکر برطانوی حکومت کے خلاف جنگ چھیڑی تھی۔ اسی طرح اگر بی جے پی حکومت پھر سے شہریت ترمیمی قانون نافذ کرنے کی بات کر رہی ہے تو عوام ایک بار پھر سڑکوں پر اتریں گے اور اس قانون کے خلاف آواز بلند کریں گے ۔ اس وقت پورا ملک کورونا وائرس سے پریشان ہے، ایسے نازک حالات میں بی جے پی حکومت کو اپنے اقتدار کی پڑی ہے۔ یہ حکومت ہندوستانی عوام کے اندر نفرت کا زہر پھیلاکر سیاست کرنا چاہتی ہے۔ بی جے پی صدر کا یہ بیان آنے والے انتخابات کے مدنظر دیا گیا ہے ۔ شہریت ترمیمی بل پارلیمنٹ میں منظور کرلیا گیا ہے ۔ بی جے پی اس پر عمل آوری کیلئے بضد ہے۔