حیدرآباد ۔ /16 جنور ی (سیاست نیوز) شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف دونوں شہروں میں احتجاج جاری ہے اور آج رات دیر گئے بعض نوجوانوں نے مہدی پٹنم میں اچانک احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ رات 11.30 بجے تقریباً 20 نوجوانوں پر مشتمل گروپ نے ہاتھ میں ترنگے اور پلے کارڈس تھامے ہوئے اچانک مہدی پٹنم چوراہا پہونچ گئے اور نعرے بازی شروع کردی ۔ اچانک احتجاج کی اطلاع ملنے پر ہمایوں نگر پولیس کی ٹیم وہاں پہونچ گئی اور بعض نوجوانوں کو حراست میں لے لیا لیکن کچھ ہی دیر میں انہیں رہا کردیا گیا ۔ انسپکٹر ہمایوں نگر کے سنیل نے بتایا کہ بعض نوجوانوں نے این آر سی کے خلاف احتجاج کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی کو بھی پولیس اسٹیشن منتقل نہیں کیا گیا ۔