سی اے اے و این پی آر پر نتیش کمار ’ مکمل بیان ‘ دیں

   

جے ڈی یو لیڈر پون کمار کا مطالبہ ‘ دہلی میں بی جے پی سے اتحاد پر سوال ‘ نظریاتی وضاحت پر زور
پٹنہ 21 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل یو کے ناراض لیڈر پون ورما نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے تعلق سے پارٹی کے موقف پر مکمل بیان دیں۔ انہوں نے چند گھنٹے قبل ہی ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے دہلی میں بی جے پی کے ساتھ اسمبلی انتخابات کیلئے اتحاد پر سوال کیا تھا ۔ یہاں ائرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پون ورما نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مسائل پر نظریاتی وضاحت کی جائے کیونکہ شہریت قانون کے خلاف ملک گیر سطح پر تحریک چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے اعلان کیا ہے کہ بہار میں این آر سی پر عمل نہیں ہوگا جبکہ این پی آر اور سی اے اے میں مزید تبادلہ خیال کی ضرورت کا اعتراف کیا ہے ۔ تاہم ان مسائل پر بھی وہ کہتے ہیں کہ پارٹی کو اور نتیش کمار کو مکمل بیان دینے کی ضرورت ہے ۔ پون ورما سفارتکار سے سیاستدان بنے ہیں ۔ انہوں نے پارٹی کو روانہ کئے گئے اپنے مکتوب کی نقول سوشیل میڈیا پر بھی پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی نظریاتی وضاحت کی ضرورت ہے کہ آیا ہم بی جے پی کے ساتھ کھڑے ہیں جس کا اپنا نظریہ اور اپنی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر سطح پر جاری تحریک کے پیش نظر بی جے پی کی قدیم حلیف شرومنی اکالی دل نے بھی دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی سے اتحاد نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ کس مجبوری کے تحت جنتادل یو نے دہلی میں بی جے پی سے اتحاد کیا ہے ۔