پرینکا گاندھی کا دورہ مظفر نگر اور میرٹھ ،متاثرین سے ملاقات، ممکنہ مدد کا تیقن
مظفر نگر۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے اترپردیش کے مظفر نگر کا آج دورہ کیا اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران متاثر ہونے والوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے مولانا اسد رضا حسینی سے بھی ملاقات کی جن کو پولیس نے احتجاج کے بعد گرفتاریوں کے موقع پر بری طرح مارا پیٹا تھا۔ اس موقع پر سہارنپور کے کانگریس لیڈر عمران مسعود بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے عوام کو بے رحمی سے زدوکوب کیا گیا۔ یہاں تک کہ معصوم بچوں کو تک نہیں بخشا گیا۔ پرینکا گاندھی نے بتایا کہ سات ماہ کی حاملہ 22 سالہ خاتون کو بھی زدوکوب کیا گیا۔ کانگریس جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ پچھلے دورہ کے وقت انہوں نے یوپی کی گورنر آنندی بین پٹیل کو ایک یادداشت حوالے کی تھی جس میں پولیس کی تمام زیادتیوں سے واقف کروایا گیا تھا۔ کانگریس قائد نے گزشتہ ہفتہ لکھنؤ کا دورہ کرکے احتجاج میں ہلاک و زخمی افراد کے غم زدہ ارکان خاندان سے ملاقات کی تھی۔ اس طرح انہوں نے بجنور کے دورہ میں بھی متاثرین سے ملاقات کی تھی۔ پرینکا گاندھی نے مظفر نگر کے بعد 24 ڈسمبر کو میرٹھ کا دورہ کیا جہاں چند دن قبل پولیس نے انہیں جانے سے روک دیا تھا۔ میرٹھ میں متاثرہ افراد کے ارکان خاندان پرینکا گاندھی سے ملاقات کیلئے ایک مقام پر جمع ہوگئے تھے۔ میرٹھ میں احتجاج کے دوران پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پرینکا گاندھی کا مظفر نگر کا دورہ پہلے سے طئے نہیں تھا۔ انہوں نے متاثرین سے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں وہ ان کے ساتھ ہیں۔