سی اے اے کیخلاف احتجاج کرنے والے مسلمانوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا

,

   

پتھر کا جواب پتھر ، تلوار کا جواب تلوار ، پاکستانیوں ، بنگلہ دیدیشیوں یہاں سے چلے جاؤ ،موافق سی اے اے ریالی سے راج ٹھاکرے کا خطاب

ممبئی ۔ /9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوتوا کی صف میں نئے رکن کی حیثیت سے خود کو متعارف کرواتے ہوئے مہاراشٹرا نونرمان سنہا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے نے آج شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے مسلمانوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا احتجاج ختم کردیں ورنہ انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے شہریت قانون اور مجوزہ این آر سی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلمانوں کو انتباہ دیتے ہیں کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ۔ انہوںنے نعرہ لگایا کہ پاکستانیوں اور بنگلہ دیشیوں ہندوستان میں گھسنے والے یہاں سے چلے جاؤ ۔ آزاد میدان پر منعقدہ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ سی اے اے اور این آر سی کیخلاف احتجاج کرنے والے مسلمانوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ ان کے مورچہ کا جواب مورچہ سے دیا جائے گا ۔ پتھر کا جواب پتھر اور تلوار کا جواب تلوار ہوگا ۔ دوپہر میں ایم این ایس نے گری گام چوپاٹی سے آزاد میدان تک بڑی ریالی نکالی اور غیرقانونی پاکستانیوں اور بنگلہ دیشیوں کو نکال باہر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ یہ مارچ آزاد میدان پہونچ کر جلسہ میں تبدیل ہوگیا ۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ یہ مورچہ اس بات کا انتباہ ہے کہ اگر سی اے اے کیخلاف کسی نے مورچہ نکالا تو اس کے جواب میں ہم بھی مورچہ نکالیں گے ۔ راج ٹھاکرے جنہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران گزشتہ سال بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف شدید مہم چلائی تھی آج اچانک شہریت قانون اوراین آر سی کی دفاع میں کھڑے ہوگئے ۔ انہوں نے سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت کرنے والے مسلمانوں کو دھمکی دی اور کہا کہ وہ اپنی مخالفت ترک کردیں ورنہ ان کے ساتھ برا ہوگا ۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ مجھے یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ آخر مسلمان سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج کیوں کررہے ہیں ۔ آخر انہیں ہندوستان سے کون نکال رہا ہے جو لوگ ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں وہ ہندوستانی شہری ہیں ۔ تم لوگ کون ہوتے ہو جو اپنی طاقت دکھانے کی کوشش کررہے ہو اوریہ طاقت کیوں دکھارہے ہوں ۔ ٹھاکرے نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف جاری احتجاج کو ان مسائل پر مناسب طور پر نہ سمجھنے کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو یہ ڈرامہ ختم کرنے پر زور دیا ۔ مہاراشٹرا نونرمان سینا کے ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اس ریالی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر بی جے پی ارکان کی بھی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ٹھاکرے نے کہا کہ میرا ملک کوئی دھرم شالہ نہیں ہے ۔ ہم ان دراندازوں کو نکال باہر کریں گے ۔ آخر میں انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں کے تعلق سے کہا کہ آپ پر کوئی حملہ نہیں ہوگا ۔ یہ مسلمان ہمارے ملک کا حصہ ہے ۔ ان کے خلاف کوئی حملہ نہیں کرے گا ۔ صرف غیرقانونی مسلمانوں کو مزہ چکایا جائے گا ۔