نئی دہلی،3فروری(سیاست ڈاٹ کام)لوک سبھا میں شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے )کو لے کر کانگریس،دروڑ منیتر کشگم(ڈی ایم کے )اور ترنمول کانگریس کے اراکین کے ہنگامے کے درمیان پارلیمانی امور کے وزیر مملکت نے پیر کو صدر کے خطاب پر بحث ہونے دینے کی اپیل کی۔مسٹر جوشی نے کہا‘‘صدر کے خطاب پر کوئی بھی مسئلہ اٹھائیے ،میں آپ سبھی سے اس پر بحث ہونے دینے کی اپیل کررہاہوں۔’’اسی دوران کانگریس اور ڈی ایم کے اراکین اسپیکر کی نشست کے نزدیک آکر ہنگامہ کرنے لگے ۔وہ ہاتھوں میں تختیاں لئے ہوئے تھے جن پر نعرے لکھے تھے ۔اسی دوران ترنمول کانگریس کے رکن اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر شورو غل کرنے لگے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے سی اے اے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے آئین،قومی پرچم اور قومی نغمے گانے والے لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔