سی اے اے کیخلاف گوا اپوزیشن کا اسمبلی سے واک آؤٹ

   

پاناجی ۔ 3 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)گوا میں اپوزیشن نے آج ریاستی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا کیونکہ اسپیکر راجیش پٹنیکر نے برسراقتدار ایم ایل ایز کی پیش کردہ تحریک کو قبول کرنے کی اجازت دیدی جس میں وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو پارلیمنٹ میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) منظور کرنے پر مبارکباد دینے کی بات کہی گئی ہے ۔ اپوزیشن لیڈر ڈگمبر کامت نے کہا کہ اُنھوں نے اپوزیشن پارٹیوں کے کئی ارکان کے ساتھ واک آؤٹ کیا۔ انھوں نے ایوان میں کہا کہ آپ لوگ مبارکبادی تحریک کے لئے اصرار کررہے ہو اس لئے ہم اس وقت ایوان کا حصہ رہنا نہیں چاہتے ۔ قبل ازیں اپوزیشن ارکان ایوان کے وسط میں پہونچکر نعرہ بازی بھی کی اور اسپیکر کے قریب تک پہونچ گئے جس پر اُنھیں ایوان کی کارروئی کو ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا تھا ۔ آج بجٹ سیشن کا پہلا دن تھا جس میں اپوزیشن کا شوروغل نمایاں رہا۔