صبوحی خان پر پرانا شہر میںمنی پاکستان، گولی مارو سالوں کو ، کے ریمارکس کا الزام
حیدرآباد ۔ 5فبروری ( سیاست نیوز) پرانا شہر میں قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں سی اے اے اور این آر سی کے حق میں جلسہ عام کے دوران اشتعال انگیز تقاریر کے خلاف ساؤتھ زون پولیس میں ایک شکایت درج کروائی ۔ بشارت نگر مکہ کالونی کے ایس کیو مقصود اور سلطان شاہی کے ایم اے اکرم نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون سے ایک تحریری شکایت میں بتایا کہ 2فبروری کو قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں سی اے اے کی تائید میں ایک جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جس کے دوران اکھنڈ بھارت سنگھرش سمیتی کے کنوینر اے بھاسکر نے اس جلسہ کا انعقاد کیا تھا ، جس میں ایک خاتون مقرر صبوحی خان نے اپنی مبینہ اشتعال انگیز تقریر میں پرانا شہر کے مختلف علاقوں کو ’’ منی پاکستان ‘‘ قرار دیا اور پرانا شہر کی عوام اپنی بیٹیوں کو عرب شیخوں کو فروخت کرنے کا الزام بھی عائد کیا ۔ صبوحی خان نے اپنی اشتعال انگیز تقریر میں یہ کہا کہ ’’ گولی مارو سالوں کو اور گولی مارو غداروں کو ‘‘ مذکورہ درخواست گذاروں نے ساؤتھ زون پولیس سے کی گئی اپنی شکایت میں کہا کہ صبوحی خان کی اشتعال انگیزی اور اس جلسہ کے آرگنائزر بھاسکر کے خلاف دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پھیلانے اور اشتعال انگیزی کرنے پر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جائیں ۔ حالانکہ پولیس نے اس جلسہ عام کے بعد مقررین کے خلاف مناسب کارروائی کا تیقن دیا تھا لیکن اب تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا گیا ۔