سی اے اے کی تائید میں 154 ممتاز شہریوں کا صدر کو مکتوب

   

نئی دہلی 17 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی 154 ممتاز شخصیات نے جن میں سابق ججس اعلیٰ عہدیداران مسلح افواج کے افسران اور ماہرین تعلیم بھی شامل ہیں، پیر کو کہاکہ ملک کو نقصان پہونچانے کے منصوبہ کے ساتھ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف محرکات اور غلط اطلاعات پر مبنی مہم چھیڑی گئی ہے اور اُنھوں نے گڑبڑ پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ صدر رام ناتھ کووند کے نام مکتوب میں مختلف ہائی کورٹس کے 11 سابق ججوں، 24 ریٹائرڈ افسران، انڈین فارن سرویس کے 11 سابق عہدیداروں، 18 سابق آئی پی ایس افسران، 18 سابق لیفٹننٹ جنرلس کے بشمول 154 ممتاز شہریوں نے صدر ہند کے نام اپنے مکتوب میں مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ وہ مختلف حصوں میں جاری مخالفانہ احتجاج کا سنجیدگی سے نوٹ لیں اور ملک کے جمہوری اداروں کا تحفظ کریں۔ نیز ان احتجاجوں کے پس پردہ کارفرما عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان شہریوں نے کہاکہ یہ احتجاج ملک کو نقصان پہونچانے کے ناپاک عزائم کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ جھوٹے پروپگنڈہ اور غلط محرکات پر مبنی ہے۔ وہ اس بات پر خوفزدہ ہیں کہ کہیں یہ احتجاج ملک کے طول و عرض میں پھیل نہ جائے۔