راشٹریہ علماء کانفرنس کے تحت جلسہ میں اندریش کمار شریک، دستورکے دشمن مردہ باد کے نعرے
نئی دہلی 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی قانون کی تائید میں آر ایس ایس کی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ نے ’’راشٹریہ علماء کانفرنس‘‘ کے تحت اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے انعقاد کا مقصد سی اے اے کے تعلق سے مسلمانوں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا۔ اجلاس میں شریک افراد نے مسلمانوں کو سی اے اے کی افادیت کے بارے میں سمجھانے کی کوشش کی۔ اجلاس کے دوران مخالف سی اے اے کارکنوں نے احتجاج شروع کیا۔ تقریب کے آغاز پر ہی زائداز ایک درجن افراد اُٹھ کھڑے ہوگئے اور اجلاس میں آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار کی موجودگی پر احتجاج کیا۔ سی اے اے کو دستور کے مغائر قرار دیتے ہوئے دستور کے دشمن مردہ باد کے نعرے لگائے اور نعرہ بازی بلند ہونے لگی۔ ہنگامہ اور نعرہ بازی کی وجہ سے وہاں موجود منچ کے کارکن پریشان ہوگئے۔ اسٹیج پر موجود نام نہاد علماء حضرات بھی حیران تھے کہ آخر ہو کیا گیا ہے۔ وہ لوگ قانون کے فوائد کے بارے میں عوام کو سمجھانے کے لئے یہاں آئے تھے۔ اس قانون کی مخالفت کرتے ہوئے لوگوں نے ہاتھوں میں بیانر اور پلے کارڈس بھی تھاما تھا۔ افراتفری اور ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس برخاست ہوگیا۔