گوہاٹی، 3 ستمبر (یو این آئی) آسام کے وزیر اعلی ہمنت بسوا سرما نے آج کہا کہ ریاست میں شہریت (ترمیمی) ایکٹ، 2019 (سی اے اے ) کے تحت اب تک صرف تین لوگوں کو ہندوستانی شہریت دی گئی ہے ۔ یہ اعلان برسوں کی سیاسی بدامنی اور قیاس آرائیوں کے درمیان سامنے آیا ہے کہ سی اے اے بنگلہ دیش سے لاکھوں تارکین وطن کے آسام میں آباد ہونے کے لیے راستے کھول دے گا، جس سے آبادی کا توازن بدل جائے گا۔ سرما نے ایک سرکاری تقریب میں میڈیا کو بتایا اب تک، آسام میں سی اے اے کے تحت صرف تین لوگوں کو شہریت ملی ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاستی حکومت کو 12 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے تین کو منظور کر لیا گیا ہے جبکہ نو زیر التوا ہیں۔ ایکٹ کی منظوری کے ساتھ عوامی ہنگامہ آرائی کا حوالہ دیتے ہوئے سرما نے کہا، ‘ایک بہت بڑا شور تھا کہ آسام میں 20-25 لاکھ لوگوں کو شہریت ملے گی۔ اب، آپ فیصلہ کریں کہ کیا سی اے اے پر بحث کرنا مناسب ہے جب کہ صرف 12 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔