سی اے اے کے خلاف احتجاج سے دہلی اسمبلی الیکشن کا عمل متاثر نہ ہو، پولیس کی اپیل

   

نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہیکہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ان کے احتجاج سے دہلی اسمبلی انتخابات کا عمل متاثر نہ ہو اور کسی کو مشکلات پیش آئیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سی اے اے کے خلاف شاہین باغ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے باہر پُرامن احتجاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتخابات کیلئے سازگار ماحول کو یقینی بنائے گی۔ اسپیشل کمشنر پولیس الیکشن سل پروین رنجن نے بتایا کہ احتجاجیوں سے پولیس اپیل کررہی ہے کہ ان کے احتجاج سے پولنگ کا عمل متاثر نہ ہو اور یہ توقع کی جارہی ہیکہ احتجاجیوں کا تعاون حاصل رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے بعض علاقوں سے تشدد کے واقعات کی اطلاع ملی ہے۔ پولیس نے اس پر فوری کارروائی کی اور صورتحال اب پرامن ہے۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی میں پچھلے دنوں شدید احتجاج کیا گیا خاص طور پر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبہ نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس میں دہلی میں ماحول کشیدہ دیکھا گیا۔