ہمایوں نگر اور بارکس گراونڈ میں دوسرے جمعہ کو بھی مظاہرے
حیدرآباد /7 فروری ( سیاست نیوز ) شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف شہر حیدرآباد میں اچانک احتجاج کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور عوام اپنا شدید احتجاج درج کرواتے ہوئے حکومت کی جانب سے متعارف کئے جانے والے سیاہ قوانین کی سرزنش کر رہی ہے ۔ بعد نماز جمعہ مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر کے باہر اچانک سیکڑوں افراد جمع ہوگئے اور سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک پر بیٹھ گئے ۔ اس اچانک احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس ہمایوں نگر وہاں پہونچ گئی اور احتجاجیوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی ۔ خاتون جہدکار شیبا مینائی کے زیر قیادت اس احتجاج میں سینکڑوں نوجوان اندرون چند منٹ مسجد عزیزیہ کے قریب جمع ہوگئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے ۔ احتجاجی اپنے ہاتھوں میں بیانرس اور پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے اور سیاہ قوانین کے خلاف بھی نعرے بازی کی ۔ پرامن احتجاج کرنے پر پولیس کی بیجا مداخلت اور مقدمات درج کئے جانے پر بھی عوام نے برہمی کا احتجاج کیا ۔ اسی طرح بارکس گراؤنڈ میں بھی عوام نے بعد نماز جمعہ پرامن احتجاجی مظاہرے کئے جس میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف نعرے بازی کی ۔ بارکس میں گذشتہ جمعہ بھی این آر سی کے خلاف احتجاج درج کیا گیا تھا ۔ جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی تھی ۔