سی اے اے کے خلاف انوکھا احتجاج جاری ، تاجرین کا بلیک آؤٹ

   

حیدرآباد ۔ 5 فبروری ( سیاست نیوز) شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف دونوں شہروں میں انوکھا احتجاج ہنوز جاری ہیں اور آج رات بھی مختلف علاقوں میں برقی بند کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا ۔ پرانا شہر کے چھتہ بازار میں پانچویں دن ،ٹولی چوکی اور ملے پلی میں دوسرے دن اور منڈی میر عالم روڈ پر دوسرا دن یہ انوکھا احتجاج جاری رہا ۔ شہر میں اچانک احتجاج سے پریشان پولیس مزید تشویش میں مبتلا ہوگئی ، کیونکہ مصروف ترین مارکٹس میں عین وقت لائٹ بند کر کے احتجاج درج کرایا جارہا ہے ۔ آج شام 7:15بجے تا 7:30بجے تک یہ انوکھا احتجاج جاری رہا اور مارکٹس کے تاجرین نے سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اپنا احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ برقی بند کر کے احتجاج کرنے پر بعض پولیس عہدیدار احتجاجیوں کو فون کر کے اس احتجاج کے خلاف مبینہ طور پر دھمکایا اور لائٹ بند ہونے کے وقت کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال پیش آنے پر انہیں ذمہ دار قرار دینے کی دھمکی دی۔