سی اے اے کے خلاف ملے پلی ‘ ہمایوں نگر و بارکس میں احتجاج

,

   

حیدرآباد ۔ /31 جنوری (سیاست نیوز) جمعہ کے موقع پر دونوں شہروں میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا ۔ جامع مسجد ملے پلی ، مسجد عزیزیہ کے علاوہ بارکس پلے گراؤنڈ میں بھی بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے ۔ بعد نماز جمعہ سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان جامع مسجد ملے پلی کے سامنے جمع ہوگئے اور شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے چھوٹی سی ریالی بھی نکالی ۔ نوجوانوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ اسی طرح نوجوانوں نے سڑک پر بیٹھ کر ہم لے کر رہیں گے آزادی اور انقلاب زندہ باد کے نعرے لگانے لگے ۔ این آر سی کے خلاف نعرے بازی کی گئی جس کے بعد علاقہ ملے پلی میں ایک گھنٹے کیلئے ٹریفک جام ہوگئی تھی ۔ پولیس حبیب نگر بھی وہاں پہونچ گئی اور پرامن احتجاجیوں کے وہاں سے چلے جانے تک علاقہ میں پولیس فورس کو تعینات رکھا تھا ۔ بعد نماز جمعہ مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر میں بھی زبردست احتجاج کیا گیا اور مصلیان نماز کے اختتام کے بعد سڑک پر اتر آئے اور سیاہ قانون کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے ، پولیس نے انہیں منتشر کردیا ۔ این آر سی کے خلاف احتجاج بارکس پلے گراؤنڈ میں بھی کیا گیا ۔ سینکڑوں کی تعداد میں بارکس عوام نے احتجاج میں حصہ لیا اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی ۔