چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریالی کا اعلان کر کے خاموش ہوگئے ، اسمبلی بجٹ سیشن کے بعد ریالی کا امکان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : شہریت ترمیمی قانون سی اے اے کے خلاف حیدرآباد میں ایک بڑی ریالی نکالنے کا حکمران پارٹی ٹی آر ایس نے اعلان کیا تھا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرار داد منظور کرنے کے ساتھ حیدرآباد میں ایک بڑی ریالی نکالنے اور اس میں تمام ہم خیال مخالف سی اے اے ، ریاستی چیف منسٹرس کو مدعو کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ٹی آر ایس کے داخلی ذرائع نے کہا کہ پارٹی کے اندر فی الحال اس بارے میں کوئی سرگرمی نہیں ہے ۔ حیدرآباد میں ریالی ہوگی یا نہیں کہا نہیں جاسکتا ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ 15 مارچ کو حیدرآباد میں موافق سی اے اے ریالی سے خطاب کریں گے ۔ اس کے بعد تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں یہ بحث چل پڑی ہے کہ آیا حکمراں ٹی آر ایس 15 مارچ کے بعد بی جے پی کی ریالی کا جواب دینے کے لیے ریالی نکالے گی یا نہیں ۔ ٹی آر ایس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی کو اپنی ریالی منعقد کرنے دیجئے ہم اس ریالی کا حصہ نہیں ہیں ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا ٹی آر ایس کی مجوزہ ریالی کا کیا ہوا تو پارٹی ذرائع نے کہا کہ اس مسئلہ پر وہ چیف منسٹر کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ صدر ٹی آر ایس نے مجوزہ مخالف سی اے اے ریالی کے بارے میں پارٹی قائدین کے ساتھ کوئی بات نہیں کی ہے ۔ ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے دیگر قائدین 24 فروری سے 4 مارچ تک پٹن پرگتی پروگرام میں مصروف ہوں گے ۔ ریاستی اسمبلی کا بجٹ سیشن مارچ کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں منعقد ہوگا ۔ اس کے بعد ہی ریالی نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ ہوگا ۔ اسمبلی میں سی اے اے کے خلاف قرار داد منظور کرلی جائے گی ۔ البتہ حیدرآباد میں ریالی منعقد ہوگی یا نہیں یہ واضح نہیں ہے ۔۔