سی اے اے کے نفاذ کے بعد بنگلہ دیشی مہاجرین کی واپسی میں اضافہ، بی ایس ایف کا انکشاف

   

کولکتہ۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بارڈر سکیوریٹی فورسس (بی ایس ایف) نے جمعہ کو کہا کہ ملک میں سی اے اے کے نفاذ کے بعد گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہاں غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی مہاجرین کی اپنے ملک واپسی کے سلسلے میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ اس نیم فوجی مرکزی فورس کے ایک سرکردہ عہدیدار نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سی اے اے کے نفاذ کے بعد یہاں غیر قانونی طور پر مقیم افراد میں پیدا شدہ خوف و اندیشوں کے سبب ان کی ملک واپسی کے سلسلے میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل (سائوتھ منپال فرنٹیئر) وائی بی کھرانیہ نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران غیر قانونی بنگلہ دیشی مہاجرین کی اپنے ملک واپسی میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ صرف جنوری کے دوران ہم نے 260 غیر قانونی بنگلہ دیشی مہاجرین کو پکڑا جو پڑوسی ملک میں گھسنے کی کوشش کررہے تھے۔