خانہ جنگی جیسی صورتحال کی سمت خطرناک پیشقدمی : یچوری
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن جماعتوں نے شہریت کے نئے قانون پر حکومت کو اپنی سخت ترین تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ملک کی موجودہ صورتحال کے لئے اس کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ اپوزیشن جماعتوں نے کہاکہ اس متنازعہ قانون سازی کے بعد ہندوستانی سماج ایک خطرناک انداز میں خانہ جنگی جیسی صورتحال کی سمت بڑھ رہا ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صدر رام ناتھ کووند کے مشترکہ خطاب پر اپوزیشن کی طرف سے ترمیمات پیش کی جائیں گی۔ ذرائع نے کہاکہ صدارتی خطبہ سے ترمیمی قانون کے بارے میں کئے گئے ریمارکس کو حذف کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ صدر کووند کے خطاب کے بعد راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے کہاکہ حکومت نے صدارتی خطاب میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کا حوالہ شامل کرتے ہوئے صدارتی رتبہ کے وقار کو پامال کیا ہے۔