یہ راجیو فیروز خاں کی نہیں بلکہ نریندر مودی کی حکومت ہے: پرویش ورما
نئی دہلی ۔ 3 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے کانگریس کو لوک سبھا میں آج اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ یہ اپوزیشن پارٹی ووٹ بینک سیاست میں ملوث ہوتی رہی ہے اور اپنی حکمرانی کے دوران دفعہ 370 جیسے مسائل پیدا کی ہے ۔ صدارتی خطاب کے جواب میں تحریک تشکر پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پرویش ورما نے شہریت تریمی قانون ( سی اے اے) کی مخالفت پر بھی کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ راجیو فیروز خاں حکومت نہیں ہے بلکہ یہ نریندر مودی حکومت ہے ۔ بی جے پی رکن نے کہا کہ ’’ہم سی اے اے واپس نہیں لیں گے ۔ یہ ملک کی سالمیت و یکجہتی کا سوال ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’انہوں (کانگریس) نے دفعہ 370 اور 35(A) جیسے مسائل محض اپنی ووٹ بینک سیاست کے لئے پیدا کیا تھا ‘‘۔ ورما نے کہا کہ لارڈ راما نے اگرچہ انسانیت کا پیغام دیا ہے لیکن کانگریس انہیں مذہب سے مربوط کرتی ہے اور انہوں (بی جے پی رکن ) نے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’اپوزیشن ارکان اگر جئے شری رام کا ن عرہ لگائیں گے تو ان کے سارے پاپ دھل جائیں گے ‘‘ ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ورما نے کہا کہ ان کی حکومت کسی ایک مخصوص مذہب کے ماننے والوں کی حکومت نہیں ہے ۔ ورما نے الزام عائد کیا کہ دستور کے اصل نسخہ سے کانگریس نے لارڈ رام ، لارڈ کرشنا اور لارڈ ہنومان کی تصاویر کو نکال دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تصاویر کسی مذہب سے مربوط نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اگر رام مندر کی بات کرتی ہے تو وہ ٹائلٹس کی بات بھی کرتی ہے ۔