بہار:17دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پورے ملک میں مظاہرے جاری ہیں۔ اس درمیان بی جے پی اور اس کی ساتھی پارٹیوں کی مشکلیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ شہریت ترمیمی قانون کی حمایت کرنے والی بی جے پی کی ساتھی پارٹی جنتا دل یو کو تو بہار میں لوگوں کی زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قابل غور یہ ہے کہ جنتا دل یو کے اندر ہی کئی ایسے بڑے لیڈران ہیں جو شہریت قانون کی مخالفت میں آواز اٹھا رہے ہیں۔ اب وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف آوازیں سڑکوں پر مزید زور و شور سے سنائی دینے لگی ہے۔ راجدھانی پٹنہ میں ان کے خلاف کئی ایسے پوسٹر لگے ہوئے نظر آ رہے ہیں جن میں انھیں ’لاپتہ‘ بتایا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر نتیش کمار کے خلاف سڑکوں پر لگے پوسٹر کی کئی تصویریں سامنے آئی ہیں جن میں سے ایک میں لکھا ہے ’’سی اے بی-این آر سی پر خاموش، گونگا، بہرا اور اندھا وزیر اعلیٰ، لاپتہ لاپتہ لاپتہ۔ کسی کو نظر آئے تو برائے کرم بہار کو لوٹا دیں۔‘‘ ایک دیگر پوسٹر میں لکھا ہے ’’سی اے بی-این آر سی پر خاموش۔ دھیان سے دیکھیے اس چہرے کو، کئی دنوں سے نہ دکھائی دیا نہ سنائی دیا۔ ڈھونڈنے والے کا بہار ہمیشہ شکرگزار رہے گا۔‘‘ ایک پوسٹر میں تو یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’سی اے بی-این آر سی پر خاموش، غائب وزیر اعلیٰ جو پانچ سال میں صرف ایک دن حلف برداری تقریب میں نظر آتا ہے۔‘‘