سی بی آئی میں 20 عہدیداروں کے تبادلے

   

عبوری ڈائرکٹر ناگیشور راو کا اقدام

نئی دہلی 21 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بڑی تبدیلیوں میں سی بی آئی کے عبوری ڈائرکٹر ناگیشور راو نے تقریبا 20 عہدیداروں کا تبادلہ کردیا ہے جن میں 2G اسکام کی تحقیقات کرنے والے ویویک پریہ درشی بھی شامل ہیں۔پریہ درشی جو کو دہلی اینٹی کرپشن برانچ میں تعینات تھے ‘ چندی گڑھ بھیج دیا گیا ہے ۔ تبادلوں کے احکام میں تاہم کہا گیا ہے کہ وہ تمام عہدیدار جنہیں خاص طور پر کسی کیس یا مسئلہ کی نگرانی یا تحقیقات یا انکوائری کسی دستوری عدالت کی جانب سے سونپی گئی ہو وہ یہ کام انجام دیتے رہیں گے ۔ ٹاملناڈو میں مخالف اسٹرلائیٹ احتجاج میں ہلاکتوں کی تحقیقات کرنے والے اے سراونن کو بینکنگ ‘ سکیورٹیز و دھوکہ دہی برانچ ممبئی کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ یہاں نیرو مودی اور میہول چوکسی کے مقدمات کی تحقیقات چل رہی ہیں۔ وہ مخالف اسٹرلائیٹ احتجاج کے مقدمات کی تحقیقات جاری رکھیں گے ۔ سی بی آئی اسپیشل یونٹ میں متعین پریم گوتم کو اس عہدہ سے ہٹادیا گیا ہے ۔ یہ یونٹ داخلی جاسوسی کی تحقیقات کی ذمہ دار ہے ۔ وہ معاشی جرائم کی تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور ڈپٹی ڈائرکٹر ( پرسونل ) کی زائد ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ ان کی جگہ اسپیشل یونٹ میں رام گوپال کو لایا گیا ہے جنہیں اسپیشل کرائم برانچ چندی گڑھ میں متعین کیا گیا تھا ۔