سی بی آئی نے درج کیا نیامقدمہ ،یوپی میں 40 مقامات پر دھاوے

   

اکھلیش کا ڈریم پروجیکٹ گومتی ریور فرنٹ کیس…
سی بی آئی نے درج کیا نیامقدمہ ،یوپی میں 40 مقامات پر دھاوے
لکھنؤ ۔ یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے دور میں گومتی ندی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے سی بی آئی نے ایک نیا مقدمہ درج کیا ہے۔ یوپی میں40 ، راجستھان اور مغربی بنگال میں ایک ایک سمیت 42 مقامات پر تلاش جاری ہے۔ گومتی ندی منصوبہ معاملہ میں سی بی آئی کی دوسری ایف آئی آر میں اس معاملے میں کل 189 ملزمین ہیں۔ 173 افراد ، جبکہ 16 سرکاری عہدیداروں پر الزام ہے ، 3 چیف انجینئر اور 6 اسسٹنٹ انجینئرکے یہاں کاروائی کی جارہی ہے۔ اکھلیش یادو کو ایف آئی آر میں فی الحال ملزم نہیں بنایا گیا ہے۔ ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ اکھلیش یادو کے دور میں لکھنؤ میں گومتی ندی کے کنارے تعمیر کئے گئے ریور فرنٹ کو ایس پی کا ڈریم پروجیکٹ قرار دیا گیا تھا۔ یوپی میں یوگی حکومت کے آنے کے بعد اس کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کردی گئیں تھی۔ 2017 میں یوگی نے ریور فرنٹ کی جانچ کے لیے ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا تھا ، اس کے بعد یہ کیس سی بی آئی کے حوالے کردیا گیا۔ گومتی ریور فرنٹ کی تعمیر میں ملوث انجینئرز پر داغدار کمپنیوں کو کام دینے ، بیرون ملک سے مہنگا سامان خریدنے ، مالی لین دین میں بے ضابطگیاں اور نقشہ کے مطابق کام نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔