نئی دہلی: سپریم کورٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی مبینہ گھوٹالہ معاملے میں وزیر اعلی اروند کجریوال کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی طرف سے گرفتاری کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواست پر جلد سماعت کا پیر کو اشارہ دیا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پاردی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے غور کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی اور چندر ادے سنگھ سے معاملے سے متعلق ای میل کے ذریعے ایک درخواست بھیجنے کو کہا۔ دونوں وکلاء نے ‘خصوصی تذکرہ’ کے دوران کجریوال کا موقف پیش کرتے ہوئے ان کی عرضی کو فوری طور پر درج کرنے کی درخواست کی تھی۔دہلی ہائی کورٹ نے کجریوال کی سی بی آئی کی طرف سے دائر کیس کو منسوخ کرنے اور ضمانت کیلئے دائر ان کی درخواستیں 5 اگست کو مسترد کر دیا تھا۔ جسٹس نینا بنسل کرشنا کی سنگل بنچ نے اپنا حکم سناتے ہوئے کہا تھا کہ سی بی آئی کے پاس وزیراعلیٰ کجریوال کو گرفتار کرنے کیلئے کافی قانونی بنیاد تھی۔جسٹس کرشنا نے کہا تھاکہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ گرفتاری بغیر کسی معقول وجہ کے کی گئی۔ ہائی کورٹ نے اس وقت میرٹ کی بنیاد پر اس معاملے میں کوئی فیصلہ کرنے سے انکار کر دیا لیکن نچلی عدالت سے رجوع کرنے کی آزادی دی تھی۔