سی بی آئی ٹیم نئی دہلی واپس، سابق سٹی پولیس کمشنر راجیو کمار کا پتہ چلانے میں ناکام

   

کولکتہ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک 10 رکنی ٹیم کو سی بی آئی نے کولکتہ روانہ کیا ہے تاکہ سابق سٹی پولیس کمشنر راجیو کمار کا پتہ چلایا جاسکے جو کئی کروڑ روپیوں کے سردھا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں اس کے دفتر میں حاضری کے حکمنامے سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سی بی آئی کے ترجمان نے بتایا کہ اس کی ٹیم راجیو کمار کے بغیر نئی دہلی اپنے ہیڈکوارٹر واپس ہوچکی ہے۔ یہ ٹیم 17 ستمبر کو نئی دہلی سے یہاں پہنچی تھی۔ اس نے شہر کے کئی مقامات کے گرد و نواح اور اندرونی علاقوں کا دورہ کیا مگر وہ کمار کا پتہ چلانے میں ناکام رہی۔ کولکتہ کی عدالت العالیہ نے کمار کو فراہم کردہ تحفظ کو جاریہ ماہ کے اوائل میں واپس لے لیا تھا۔ حالیہ عرصہ تک کمار ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل کرائم انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے عہدہ پر فائز تھے۔ کمار نے الزام لگایا کہ سردھا کیس کی اہم ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ انھوں نے اس معاملہ میں گزشتہ دو ہفتوں میں کئی عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائے تاکہ انھیں ضمانت قبل ازگرفتاری حاصل ہوسکے۔ لیکن اس میں انھیں کامیابی نہ مل سکی۔ گزشتہ ہفتہ وہ کولکتہ ہائی کورٹ سے بھی رجوع ہوئے تھے۔