سی بی ایس ای امتحان کے انعقاد پر حکومت نظرثانی کرے: پرینکا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔سی بی ایس ای بورڈ نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ مئی ماہ میں منعقد ہونے والے بورڈ کے امتحانات کرائے گی، جس پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر تعلیم رمیش پو کھریال نشانک کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے اس سرکولر کو ایک ‘چونکا دینے والا’ فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے ذریعہ اس معاملے میں ‘خدشات’ کا اظہار کرنے کے باوجود سی بی ایس ای نے امتحان لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے یہ ‘خدشات’ غیر معقول نہیں ہیں، لہذا امتحان منسوخ ہونا چاہیے۔انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ “بڑے پیمانے اور ہجوم والے امتحانی مراکز میں طلبا کی حفاظت کو یقینی بنانا عملی طور پر ناممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے، یہ صرف ان طلباء کے لئے نہیں ہے جو خطرے میں ہیں، بلکہ ان کے اساتذہ، ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والے امتحان مراکز کے نگراں اور ان کے خاندان کے افراد کو بھی خطرہ لاحق ہے۔