نئی دہلی ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت تعلیم نے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن اور ملک میں تمام تعلیمی اداروں سے کہا ہیکہ وہ کوروناوائرس کی وبا کے پیش نظر 31 مارچ تک امتحانات ملتوی کردیں جبکہ تعلیمی کیلینڈر اور امتحانات کے شیڈول کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ نہایت ہی ضروری ہیکہ طلبہ کی سلامتی اور حفاظت لازمی ہے جو مختلف امتحانات میں شرکت کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ اساتذہ اور اولیائے طلبہ کی حفاظت بھی کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزارت فروغ انسانی وسائل کے سکریٹری امیت کھرے نے کہا کہ سی بی ایس ای کے بشمول تمام جاریہ امتحانات اور بورڈ امتحانات کو 31 مارچ تک ملتوی کیا جائے اور ان کی نئی تواریخ کو ازسرنو مرتب کیا جائے۔ ان احکامات کا اطلاق یونیورسٹی گرانڈ کمیشن آل انڈیا کونسل فار ٹیکینکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای)، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او این ایس) اور جوائنٹ انٹرنس ایگزامنیشن (جے ای ای مین) کی جانب سے مرتب کئے جانے والے امتحانات پر بھی ہوتا ہے۔