نئی دہلی ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے اپنے تمام اسکولس کو ہدایت دی ہے کہ اس سال قبل ازیں منعقدہ امتحانات میں ناکام 9 ویں اور 11 ویں جماعت کے طلبہ کے آن لائین یا آف لائین امتحانات منعقد کریں۔ طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے اس سلسلہ میں بے شمار سوالات کے بعد بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ یہ موقع بلا تفریق طلبہ کو فراہم کیا جائے گا ۔ آیا ان کے امتحانات مکمل ہوگئے ہوں یا نتائج بھی جاری کئے گئے ہوں۔ وزیر فروغ انسانی وسائل ڈاکٹر رمیش پوکھریال نے اپنے ٹوئیٹر کے مائیکرو بلاک پر سی بی ایس ای کے نوٹیفکیشن کے ساتھ یہ معلومات شیئر کی ہیں۔