حیدرآباد۔ سی بی ایس سی بورڈ کے 10ویں جماعت کے نتائج کی اجرائی میں مزید تاخیر ہونے کے امکانات ہیں اور جولائی کے اواخر میں نتائج کی اجرائی ممکن ہوگی کیونکہ بورڈ نے ملک بھر میں موجود سی بی ایس سی اسکولوں کے انتظامیہ کو دسویں جماعت کے طلبہ کے انٹرنل نشانات کی تفصیلات جمع کروانے کی مہلت میں 30جون تک کی توسیع دے دی ہے جس کے بعد اگر سی بی ایس سی بورڈ کی جانب سے نتائج کی تیاری کا عمل شروع کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں کم از کم 15یوم درکار ہوں گے۔سی بی ایس سی بورڈ نے تمام اسکولوں کو 11جون سے قبل اپنے دسویں کے طلبہ کے نشانات روانہ کرنے کی ہدایات جاری کی تھی اور کہا تھا کہ 20 جون تک بورڈ کی جانب سے 10ویں کے نتائج کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی لیکن اب جبکہ بورڈ کی جانب سے نشانات جمع کروانے کی تاریخ میں ہی 30 جون تک کی توسیع کردی گئی ہے توایسی صورت میں نتائج کی اجرائی میں بھی تاخیر کا امکان ہے اسی لئے کہا جا رہاہے کہ سی بی ایس سی دسویں جماعت کے نتائج 15 جولائی تک جاری کئے جائیں گے۔سی بی ایس سی بورڈ کے نتائج میں ہونے والی تاخیر کے سلسلہ میں ماہرین تعلیم کا کہناہے کہ سی بی ایس سی نے اسکولوں کے انتظامیہ کو جو مہلت فراہم کی ہے اور 30 جون تک نشانات روانہ کرنے کیلئے کہا ہے توایسی صورت میں آئندہ تعلیمی سال کے آغاز میں بھی تاخیر کے امکانات پائے جانے لگے ہیں۔