جینٹک امراض کے تدارک کے لیے اقدامات کرنا مقصد
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : سی ایس آئی آر سنٹر فار سلیولر اینڈ مالیکیولر بائیولوجی (CCMB) اور سنٹر فار ڈی این اے فنگر پرنٹنگ اینڈ ڈائیگناسٹکس (CDFD) نے آج ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جس کا مقصد جینٹک امراض پر قابو پانا اور اس کی روک تھام کرنا ہے ۔ اس یادداشت کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو کم خرچ پر معیاری ڈی این اے ڈائیگناسٹک سروسیس فراہم کرنا ، ڈائیگناسٹک کے نئے طریقوں کو فروغ دینا اور سائنٹفک ریسرچ کو فروغ دینا ہے ۔ ان اداروں نے جینٹک ڈائیگناسٹکس کی فیلڈ میں ٹریننگ اور تعلیمی سرگرمیوں کو شروع کرنے کے لیے بھی باہمی طور پر اتفاق کیا ۔ ہندوستان میں ہر سال ایک اندازہ کے مطابق پچاس لاکھ بچے جینٹک مرض کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں ۔ ان امراض کے بوجھ سے سماج کے معاشی اور سماجی ڈھانچہ پر اثر پڑتا ہے ۔ ان میں زیادہ تر امراض فی الوقت قابل علاج نہیں ہیں اور جو علاج کے قابل ہیں اس کا علاج بہت مہنگا ہے ۔۔
