ناقص روڈ، معمولی بارش پر بہہ جانے کے واقعات، کمشنر بلدیہ دانا کشور کی رپورٹ طلبی
حیدرآباد۔11اگسٹ(سیاست نیوز) شہر میں مانسون کی بارش کے دوران بہہ جانے والی سی سی روڈ کی نشاندہی کی جائے اور اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ تیار کرتے ہوئے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو پیش کی جائے۔ مسٹر دانا کشور نے جاریہ موسم باراں کے دوران بہہ جانے والی سڑکوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ فوری ان کی مرمت کے اقدامات کریں لیکن اس سے قبل مکمل بہہ جانے والی اور گڑھوں کی تصاویر حاصل کرتے ہوئے رپورٹ میں شامل کیا جائے۔ مسٹر دانا کشور نے جی ایچ ایم سی حدود میں موجود سی سی روڈ کے بہہ جانے کی شکایات پر معیار کی جانچ کے احکامات جاری کئے تھے اور غیر معیاری سڑکوں کی تعمیر میں ملوث ٹھیکہ داروں کے خلاف کاروائی کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں کے بہہ جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ان شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری اس سلسلہ میں رپورٹ تیار کرتے ہوئے ان ٹھیکہ داروں کے خلاف کاروائی کے اقدامات کریں جن کی جانب سے تعمیر کی گئی سڑکوں میں اندرون ایک سال گڑھے پڑچکے ہیں یا پھر وہ سڑکیں بارش کے دوران بہہ چکی ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گذشتہ ایک برس سے سڑکوں کی تعمیر میں معیار کی برقراری کے سلسلہ میں شکایات موصول ہونے پر کاروائی کا انتباہ دیا جا رہاہے ا ورکہا جا رہاہے کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران معیار میں کوتاہی کرنے والے عہدیداروں اور ٹھیکہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی لیکن اب تک کسی قسم کی کاروائی نہ کئے جانے کے سبب ٹھیکہ داروں کو اس بات کا یقین ہو چکا تھا کہ اب کوئی کاروائی نہیں ہوگی لیکن اب اچانک کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے سڑکوں کے معیار کی جانچ اور بہہ جانے والی سڑکوں کے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کئے جانے پر ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو سڑکیں بارش کے پانی سے بہہ چکی ہیں ان سڑکوں کے ٹھیکہ داروں کے علاوہ عہدیداروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی کیونکہ عہدیدارو ںکی جانب سے سڑکوں کے معیار کے متعلق رپورٹ کی اجرائی کے بعد ہی ٹھیکہ داروں کو بل ادا کئے جاتے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کمشنر جی ایچ ایم سی نے دونوں شہروں کے حدود میں سڑکوں کے متعلق رپورٹ وصول ہونے کے بعد ٹھیکہ داروں کے لائسنس کی تنسیخ کے سلسلہ میں احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ مستقبل میں کوئی سرکاری ٹھیکہ حاصل نہ کرسکیں۔
