حیدرآباد : سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ جرائم پیشہ افراد کا پتہ لگانے اور جرم کے واقعات کی روک تھام میں مددگار ثابت ہورہے ہیں ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ پولیس اندرون چند گھنٹے معمہ کو حل کرنے میں کامیاب ہورہی ہے ۔ جرم کی روک تھام اور مقدمات کی تحقیقات میں سی سی ٹی وی کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ متحدہ آندھراپردیش کے بٹوارے کے بعد تلنگانہ حکومت نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نگاہ رکھنے کو اوین ترجیح دی ہے اور شہر حیدرآباد میں سکیورٹی کیئے اس کا مکمل طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔ کیمروں کی تنصیب کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے گیٹیڈ کمیونٹیز کے علاوہ رہائشی اپارٹمنٹس ، کالونیز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کیلئے کڑی محنت کی ہیں ۔ ایسے کئی واقعات ہیں جس میں جرم کے فوری بعد ملزمین کی شناخت اور گرفتاری میں سی سی ٹی وی کا اہم رول دیکھا گیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے 3.8 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی شہر حیدرآباد میں تنصیب عمل میں لائی ہے ۔ محکمہ پولیس اب شہر کے علاوہ مصافاتی علاقوں میں بھی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کیلئے کوشش کررہی ہیں ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا ہے کہ شہر حیدرآباد میں لاکھوں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ ملک میں شہر حیدرآباد نے 16 واں مقام حاصل کیا ہے اور مزید 5 لاکھ کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کی کوشش جاری ہے۔