سی سی ٹی وی کیمرے لگانے عوام کو پولیس کا مشورہ

   

حیدرآباد : حسن نگر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں جرائم کے واقعات کا نوٹ لیتے ہوئے راجندر نگر پولیس نے جمعہ کو ان مقامات پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا اور عوام کو جرائم کے سدباب اور رہائشی علاقوں میں تکلیف دہ چیزوں کو روکنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرنے کی اہمیت و افادیت سے واقف کروایا۔ سرکل انسپکٹر کے کنکیا اور سب انسپکٹر ایم وٹھل ریڈی کی نگرانی میں پولیس ملازمین نے حسن نگر اور سلیمان نگر میں بیداری پروگرام منعقد کئے اور مقامی لوگوں میں اعتماد پیدا کیا اور انہیں جرائم اور تکلیف دہ چیزوں، شورشرابہ کے تدارک کیلئے ان کے گھروں میں اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ضرورت سے واقف کروایا۔ حالیہ دنوں میں ان علاقوں سے ممنوعہ اشیاء کے استعمال کے زیراثر غنڈہ گردی، لڑائی جھگڑے کے واقعات کی اطلاعات ہیں۔ کنکیا نے بتایا کہ ہم نے حسن نگر اور سلیمان نگر علاقوں میں مقامی لوگوں کو تکلیف دہ چیزوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی اہمیت و افادیت سے واقف کروانے کیلئے بیداری پروگرامس شروع کئے ہیں۔ ہم نے ان پر زور دیا کہ وہ ان کے گھروں اور ان کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے لگاتے ہوئے تکلیف دینے والوں کی نشاندہی کرنے میں پولیس کی مدد کریں۔ اس کے علاوہ ہر کارنر اور اہم مقامات پر کیمرے لگائے جائیں تاکہ اس طرح کے افراد پر نظر رکھی جاسکے‘‘۔