حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور ان کی مرمت کیلئے منفرد اقدام کیا ہے ۔ کیمروں کی مرمت اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ماؤنٹیڈ مین لیفٹ وہیکل کو متعارف کیا ہے ۔ سائبرآباد پولیس کا یہ اقدام ریاست میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد اقدام ہے ۔ سائبرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اس گاڑی کو آج کمشنر پولیس نے ہری جھنڈی دکھائی اور کہا کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں تقریباً دیڑھ لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے پائے جاتے ہیں ۔ جس کو حکومت صنعتوں اور عوامی تعاون کے ذریعہ نصب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں 7 لاکھ کیمرے پائے جاتے ہیں ۔ جو مختلف وجوہات کے سبب ناکارہ ہوجاتے ہیں ۔ اور کام نہیں کرتے جس کے سبب مشکلات پیدا ہوتی ہیںاور کیمروں کی موجودگی سے بے معنی ثابت ہو رہی تھی ۔ سائبرآباد پولیس نے اس جانب اپنی توجہ مبذول کرتے ہوئے ان کی مرمت کیلئے منفرد اقدام کا آغاز کیا ۔ تمام کیمروں کی جانچ اور ان کی کارکردگی کو موثر بنانے کیلئے تین خصوصی ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے اور اب ان ٹیموں کیلئے ماؤنٹیڈ مین لیفٹ وہیکل کو جاری کیا گیا ہے جس کے بہترین نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ان ٹیموں میں مختص کئے گئے عملہ کو تربیت دی گئی ہے اور یہ ٹیمیں ماہرین پر مشتمل ہیں اور گذشتہ 4 ماہ میں مختلف مقامات پر مرمت کے کام انجام دئے گئے ۔ بلند مقامات پر بہ آسانی کیمروں کی مرمت کیلئے ماونٹیڈ میان لیفٹ وہیکل کی بہت زیادہ ضرورت محسوس کی جارہی تھی ۔ جس کو پورا کرلیا گیا ہے ۔ اور ان ٹیموں کو ریاستی حکومت کی جانب سے سہولیات اور معیاری آلات فراہم کئے گئے ہیں ۔ جس کے سبب کم وقت میں معیاری خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک وجئے کمار کے علاوہ سائبرآباد پولیس کے دیگر عہدیدار موجود تھے ۔