سی پی آئی اور سی پی ایم متحدہ طور پر اسمبلی چناؤ لڑیں گے

   

یکم اکٹوبر کو حلقہ جات کا اعلان: سامبا سیوا راؤ
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں سی پی آئی اور سی پی ایم نے متحدہ طور پر اسمبلی چناؤ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے بتایا کہ سی پی آئی اور سی پی ایم قائدین کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں کانگریس پارٹی سے انتخابی مفاہمت کے مسئلہ پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے کمیونسٹ جماعتوں کو نشستوں کے الاٹمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی اور سی پی ایم یکم اکٹوبر کو متحدہ مقابلہ کے حلقہ جات کا اعلان کریں گے۔ سامبا سیوا راؤ نے کانگریس قائدین کے ساتھ مفاہمت سے متعلق بات چیت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ آنگن واڑی ورکرس پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ جائز مطالبات پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور خواتین کو زخمی کرنا غیر انسانی سلوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کا دوبارہ برسراقتدار آنا یقینی نہیں ہے۔ مجلس اور کے سی آر کے درمیان بہتر تال میل اور مفاہمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کو یوم قومی یکجہتی کے انعقاد پر دونوں پارٹیوں کو وضاحت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے خواتین کو پھر ایک مرتبہ دھوکہ دینے کیلئے ویمنس ریزرویشن بل پارلیمنٹ میں منظور کیا ہے جبکہ عمل آوری کا کوئی امکان نہیں ہے۔