سی پی آئی (ایم) کارکن قتل کیس میں نئے سرے سے تحقیقات کا مطالبہ

   

اگرتلہ: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا۔مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کی تریپورہ یونٹ نے پارٹی کے ایک کارکن کے قتل کے ملزمین کے خلاف دائر چارج شیٹ سے دفعہ 302 کو حذف کرنے کے لئے تین پولیس افسران کے خلاف نئے سرے سے تحقیقات کے مطالبہ کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے ۔ ریاستی سی پی آئی (ایم) کے سکریٹری جتیندر چودھری نے 65 سالہ شاہد میاں کے قتل کی نئی سرے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ چودھری نے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کرن گٹے کو لکھے ایک خط میں الزام لگایا ہے کہ سیپاہیجلا ضلع کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) رندھیر دیو ورما، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ڈی پی او) وشال گڑھ راہول داس اور وشال گڑھ پولیس اسٹیشن کے انچارج بادل ساہا نے مبینہ طور پر بی جے پی کے ایک سرکردہ لیڈر کی ہدایت پر تفتیش میں گڑبڑ کی ہے ۔