اگرتلہ: تریپورہ کے بکسا نگر حلقہ سے مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) کے ایم ایل اے شمس الحق کا بدھ کی صبح اگرتلہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (اے جی ایم سی) میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 68 برس تھی۔ شمس الحق کے پسماندگان میں اہلیہ اور چار بیٹے اور رشتہ دار ہیں۔اس سال مارچ میں، مسٹر شمس الحق پہلی بار اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ۔ انہوں نے 1972 میں سی پی آئی (ایم) پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔پارٹی ذرائع کے مطابق، شمس الحق منگل کے روز اپنی بہو کے ساتھ علاج کے لیے اگرتلہ آئے تھے ۔ رات تقریبا 2 بجے ان کی طبیعت ہاسٹل میں اچانک بگڑ گئی اور ان کے ساتھی اور عملہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے ۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ان کی لاش کو پہلے اسمبلی کی عمارت میں لے جایا جائے گا، پھر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سی پی آئی (ایم) کے دفتر لے جایا جائے گا اور پھر ان کے آبائی گاؤں سونمورا کے کلوباری لے جایا جائے گا جہاں پوری رسوم کے ساتھ اس کی آخری رسومات کی جائیں گی۔
